Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 اپريل 2014 12:59pm

خیبر ایجنسی میں فورسز کی کارروائی۔ 24 شدت پسند ہلاک

پشاور: پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز نے جیٹ طیاروں سے مشتبہ شدت پسندوں کے اہم ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔

دوسری جانب خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں سیکیورٹی فورسز کا شدت پسندوں کے خلاف سرچ آپریشن بھی جاری ہے، جس میں سیکیورٹی فورسز نے 24 کے قریب شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

فورسز کا یہ بھی کہنا ہے کہ کارروائی میں 20 شدت پسند زخمی بھی ہوئے ہیں۔

یہ بھی کہا جارہا ہے کہ یہ شدت پسند اسلام آباد سبزی منڈی بم دھماکے اور پولیس پر ہونے والے حالیہ حملے ملوث تھے۔

سیکیورٹی فورسز کا دعویٰ ہے کہ پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ کے علاقوں اکا خیل اور سپیرا ڈیم کے اطراف علاقوں میں مشتبہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔

دوسری جانب خیبر ایجنسی میں پولیٹیکل انتظامیہ نے ابھی تک ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ علاقے سے کچھ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

کچھ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ جیٹ طیارے اب بھی شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کررہے ہیں، تاہم علاقے میں میڈیا کی رسائی نہ ہونے کی وجہ سے درست اطلاعات آنے میں وقت لگ رہا ہے۔

Read Comments