Dawn News Television

شائع 30 اپريل 2014 12:56pm

فاٹا اور کے پی میں پولیو کے پانچ نئےکیسز کی تصدیق

پشاور: پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں گزشتہ روز منگل کو پولیو کے چار، جبکہ صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک نیا کیس سامنے آیا۔

ان نئے کیسز کے بعد ملک بھر میں رواں سال سامنے آنے والے نئے پولیو کیسز کی تعداد 58 ہوگئی۔

رواں سال 2014ء کے دوران وفاق کے زیرِانتظام قبائلی علاقے فاٹا میں 45، خیبر پختونخوا میں نو اور صوبہ سندھ میں چار نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

اس طرح فاٹا اور کے پی میں ان کیسز کی شرح سب سے زیادہ یعنی 93 فیصد ہے۔

یاد رہے وزیرستان میں 2012ء سے طالبان شدت پسندوں کی جانب سے پولیو کے قطرے پلانے پر عائد پابندی کی وجہ سے ان علاقوں میں تقریباً ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد بچے ویکسینیشن نہ ہونے کے باعث خطرات کا شکار ہیں۔

2012ء سے لے کر اب تک شمالی و جنوبی وزیرستان میں اب تک کسی قسم کی پولیو مہم شروع نہیں ہوسکی ہے۔

شمالی وزیرستان کے جب چار بچوں میں گزشتہ روز پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی انہیں کسی قسم کی ویکسین نہیں دی گئی تھی۔

Read Comments