پاکستان

افغان حدود سےفائرنگ ، پاکستانی سیکیورٹی اہلکار ہلاک

فائرنگ پاک افغان سرحد پر باجوڑ کے علاقے میں کی گئی ہے، آئی ایس پی آر کی تصدیق

پشاور: اتوار کے روز افغانستان کی جانب سے پاکستانی حدود میں ہونے والی فائرنگ سے ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوگیا ہے ۔ یہ واقعہ پاک افغان سرحد کے پاس باجوڑ قبائلی علاقے میں پیش آیا ہے۔

اس واقعے کی تصدیق انٹرسروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر) نے اپنی پریس ریلیز میں بھی کی ہے۔

اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ خود افغان سیکیورٹی فورسز نے کی ہے یا یہ عسکریت پسندوں کی کارروائی ہے۔

ئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح گیارہ بج کر پینتالیس منٹ کے قریب پیش آیا ۔ افغانستان کی جانب سے اس سے قبل بھی پاکستانی حدود کی خلاف ورزی ، فائرنگ اور گولہ باری کے واقعات ہوتے رہے ہیں۔

گزشتہ برس ستمبر میں افغان افواج کی جانب سے سرحدی علاقے اور بلوچستان کے ایک اہم ضلعے ژوب کے ایک گاؤں میں فائرنگ سے پانچ افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل تھیں۔

مئی دوہزارتیرہ میں پاکستان نے سینیئر افغان سفارتکار پر سرحدی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا تھا جس میں پانچ پاکستانی سیکیورٹی اہلکار شدید زخمی ہوگئے تھے۔

اگست دوہزار بارہ میں دونوں اطراف کی افواج میں دو گھنٹے تک فائرنگ ہوتی رہی ۔ اگرچہ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔

افغانستان اور پاکستان کے درمیان 2,000 کلومیٹر سے زائد طویل سرحد موجود ہے۔ اس سرحد پر کئی مقامات پر دونوں ممالک کے درمیان فائرنگ کے واقعات ہوئے ہیں لیکن دونوں جانب سے طالبان اور القاعدہ شدت پسند دونوں ممالک کو نشانہ بناتے ہیں۔