پاکستان

کراچی میں ایک اور پولیو کیس کی تصدیق

محکمہ صحت کے مطابق نیا کیس گڈاپ ٹاؤن میں سامنے آیا، جہاں 18 ماہ کے ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پیر کے روز پولیو کا ایک اور نیا کیس سامنے آیا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق پولیو کا یہ نیا کیس گڈاپ ٹاؤن میں سامنے آیا، جہاں پر 18 مہینے کے ایک بچے میں اس مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

اقوام متحدہ کے صحت سے متعلق ادارے ڈبلیو ایچ او کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں رواں سال اب تک 59 پولیو کے نئے کیسز سامنے آچکے ہیں۔

ادارے کے مطابق اس سے قبل 2013ء کے دوران 91 کیسز سامنے آئے تھے جو 2012ء کے مقابلے میں 58 کیسز سے زیادہ تعداد تھی۔

ان میں سے زیادہ تر کیسز قبائلی علاقوں، فاٹا اور شمالی وزیرستان میں سامنے آئے، جہاں پر سن 2012ء سے طالبان شدت پسندوں نے پولیو مہم چلانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کی جانب سے پابندی کی وجہ سے 2012ء سے اب تک کسی بچے کو پولیو ویکسین نہیں پلائی جاسکی اور اسی وجہ سے تمام بچوں کے پولیو ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

ملک میں پولیو کے کیسز میں اضافے کے اور صورتحال کو دیکھتے ہوئے اسی مہینے عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) بڑھتے ہوئے پولیو کیسز کی وجہ سے پاکستان پر سفری پابندیوں کی تجویز پیش کی تھی۔

ڈبلو ایچ او کی سفارشات کے بعد وزارت صحت نے ہوائی اڈوں پر پولیو ویکسینیشن پوائنٹس قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ان تین ممالک میں شامل ہے جہاں اب بھی یہ مرض موجود ہے۔ اس کے علاوہ نائیجیریا اور افغانستان میں بھی یہ پولیو پایا جاتا ہے۔

گزشتہ کچھ عرصے میں کراچی سمیت ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہیم کی ٹیمیوں کو شدت پسندوں نے نشانہ بنایا ہے جس کی وجہ سے یہ مہم بہت طرح سے متاثر ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال کے شروع میں ہی کراچی میں انسدادِ پولیو مہم کی ٹیم کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں دو خاتون پولیو ہیلتھ ورکرز ہلاک ہوگئیں تھیں۔