جمیل فخری کی برسی
پاکستانی ڈرامہ اندھیرا اجالا سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے جمیل فخری کی تیسری برسی آج منائی جا رہی ہے۔
اندھیرا اجالا کے پولیس انسپکٹر جعفر حسین اور عزیز فنکار جمیل فخری 1946 میں پیدا ہوئے۔
معروف اداکار جمیل فخری نے اپنے فنی سفر کا آغاز تھیٹر سے کیا۔
جمیل فخری نے ساٹھ کی دہائی کے اوائل میں اداکاری کی میں قدم رکھا اور مرتے دم تک لوگوں میں خوشیاں تقسیم کرتے رہے۔
تھیٹر، ٹی وی اور پھر فلم کے درجنوں کرداروں کو کامیابی سے تسخیر کرتے ہوئے وہ چاہنے والوں کے دلوں میں گھر کر گئے۔
جمیل فخری نے پچاس سے زائد فلموں اور ان گنت ڈراموں میں کام کیا۔
ان کے ڈرامے دلدل، تانے بانے، وارث، بندھن، ایک محبت سو افسانے اور اندھیرا اجالا میں ان کا کردار سپر ہٹ ثابت ہوا۔
جمیل فخری اپنے جواں سالہ بیٹے کی موت کے غم میں اندر ہی اندر گھلتے رہے۔
ان کی مسکراہٹیں اور قہقے نہ جانے کہاں کھو گئے اور تنہائیاں ان کا مقدر بن گئیں، جس کے نتیجے میں ان پر فالج کا حملہ ہوا اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔
انھوں نے پینسٹھ برس تک اپنوں بیگانوں میں محبتیں بانٹیں اور پھر ان کی ہنستی بستی دنیا کو نہ جانے کس کی نظر کھا گئی۔
دیارِ غیر میں جوان بیٹے کی بے وقت موت کا دکھ بد نصیب باپ کی جان لے کر ہی رہا، آج وہ ہم میں نہیں لیکن ان سے وابستہ یادیں انھیں آج بھی زندہ رکھے ہوئے ہیں۔