پاکستان

شمالی وزیرستان: حافظ گل بہادر گروپ کی جنگ بندی میں توسیع

احمد اللہ احمدی کے مطابق شوریٰ بویا چیک پوسٹ حملے کی تحقیقات کرکے مجرموں کو سخت سزا دے گی۔

پشاور : شوریٰ مجاہدین شمالی وزیرستان نے گرینڈ جرگہ کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد جنگ بندی کی ڈیڈ لائن میں 20جون تک توسیع کردی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق شوریٰ شمالی وزیرستان کے ترجمان احمد اللہ احمد ی نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا ہے کہ شوریٰ شمالی وزیرستان نے 20جون تک جنگ بندی کی ڈیڈ لائن میں توسیع کر دی ہے۔

احمد اللہ احمدی نے مزید کہا کہ اس دوران جرگہ کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے جائیں گے۔

ترجمان نے بویا چیک پوسٹ پر تازہ حملے کی شدید مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوریٰ شمالی وزیرستان اس حملے کی تحقیقات کرکے مجرموں کو سخت سزا دے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ جمعے کو شمالی وزیرستان میں گرینڈ جرگے نے گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان کو یقین دلایا کہ غیر ملکی جنگجو 15 روز کے اندر علاقہ خالی کردیں گے جبکہ امن کی بحالی کے لیے تمام تر اقدامات کیے جائیں گے۔

حافظ گل بہادر کی قیادت میں شمالی وزیرستان کے طالبان نے حکومت کو دس جون تک فوج آپریشن رکوانے کی ڈیڈ لائن دی تھی جبکہ کسی آپریشن کی صورت میں مقابلہ کرنے کی بھی وارننگ دی گئی تھی۔