Dawn News Television

شائع 11 جون 2014 12:31pm

مبشر لقمان کو ٹی وی پروگرام نہ کرنے کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نجی ٹی وی کے اینکر مبشر لقمان کو کسی بھی چینل پر پروگرام کرنے سے روک دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے نجی ٹی وی اینکر مبشر لقمان کے خلاف لال مسجد شہداء فاونڈیشن کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار حافظ احتشام کے وکیل طارق اسد نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ مبشر لقمان اپنے پروگرام میں لوگوں کی عزت اچھالتے ہیں اور انہوں نے اعلٰی عدلیہ کو بھی بدنام کیا ہے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ مبشر لقمان کے خلاف کسی حکومتی ادارے نے کارروائی نہیں کی۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سیکرٹری اطلاعات اور قائم مقام چئیرمین پیمرا کو ذاتی طور پر طلب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ پیمرا اور وزارت اطلاعات نے بھی اس معاملے میں کوئی کارروائی نہیں کی، بتایا جائے ٹی وی چینلز، اینکرز کے خلاف کتنی شکایات موصول ہوئیں اور پیمرا نے اب تک شکایات پر کیا کارروائی کی۔

عدالت نے مبشر لقمان کو کسی بھی چینل پر پروگرام سے روک دیا اور سیکرٹری اطلاعات اور قائم مقام چئیرمین پیمرا کو ذاتی طور پر طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت جون کے آخری ہفتے تک ملتوی کردی۔

Read Comments