خیبر ایجنسی : افغانستان سے مارٹر گولوں کا حملہ
خیبرایجنسی : آج صبح پاک افغان سرحدی علاقے میں افغانستان کی حدود سے تین مارٹر گولے فائر کیے گئے۔
ڈان نیوز ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مارٹر گولے لنڈی کوتل کے علاقے لوئے شلمان میں گرے، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
دوسری جانب سیکورٹی فورسز نے کلین اپ آپریشن کے باعث پاک افغان بارڈر پر شام پانچ بجے تک کرفیو نافذ کردیا ہے۔
پاک افغان سرحد پر پاکستانی سیکورٹی فورسز کے کلین اپ آپریشن کے باعث جمرود سےتورخم تک کے علاقے میں کرفیو لگایا ہے، تاہم کچھ ذرائع کے مطابق افغانستان میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سرحد کو بند کیا گیا ہے۔
عسکری ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کی جانب سے خیبر ایجنسی میں پاک افغان بارڈر کے قریب جمرود سے طورخم جانے والی شاہراہ پر آپریشن کلین اپ جاری ہے، جس کے باعث اس ہائی وے کو ہفتے کی شام پانچ بجے تک بند کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب خیبر ایجنسی میں بکراآباد کے علاقے میں ایک سرچ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔
ایک اور واقعے میں بڑا کیمبراآباد کے علاقے میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں امن کمیٹی کے ایک رکن رفیق خان اورکزئی ہلاک ہوگئے۔