پشاور: سرچ آپریشن میں غیرملکیوں سمیت 118 گرفتار
پشاور: پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے داالحکومت پشاور کے علاقے حیات آباد میں پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے غیرملکیوں سمیت ایک سو اٹھارہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
ایس ایس پی آپریشن ڈاکٹر نجیب الرحمان کے مطابق آپریشن کے دوران سو سے زائد مشکوک افراد حراست میں لیے گئے ہیں جن میں افغان باشندوں سمیت ایک سری لنکن شہری بھی شامل ہے۔
سرچ آپریشن کی نگرانی سی سی پی او اعجاز احمد خان، ایس ایس پی آپریشن اور دیگر اعلی پولیس حکام نے کی۔
آپریشن کے دوران خیبر ایجنسی سے متصل حیات آباد کے علاقے فیز 6 اور 7 کے تمام سیکٹرز میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔
اس دوران مختلف علاقوں میں ناکہ بندیاں قائم کرکے گھر گھر تلاشی بھی لی گئی۔
ایس ایس پی آپریشن ڈاکٹر نجیب الرحمان نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ آپریشن میں 700 سے زائد پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے آپریشن ضربِ عضب کے بعد کی صورتحال کی روشنی میں کیا گیا۔
ان کا کہن تھا کہ سرچ آپریشن اتوار کی صبح تقریباً 5 بجے شروع ہوا۔
پولیس حکام کے مطابق آپریشن کے دوران خصوصی تربیت یافتی کتوں کا بھی استعمال کیا گیا۔
| |