پاکستان

پشاور: بیشتر متاثرین تاحال رجسٹریشن کے منتظر

حیات آباد ٹاؤن شپ میں رہائش پذیر قبائلی افراد نے شکایت کی ہے کہ موبائل رجسٹریشن ٹیمیں گزشتہ تین روز سے غائب ہیں۔

پشاور: پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن کے باعث نقل مکانی کرکے پشاور آنے والے بیشتر متاثرین تاحال رجسٹریشن کے منتظر ہیں۔

ڈان نیوز کے نمائندے کے مطابق حیات آباد ٹاؤن شپ کے علاقے میں رہائش پذیر قبائلی افراد نے شکایت کی ہے کہ موبائل رجسٹریشن ٹیمیں گزشتہ تین روز سے غائب ہیں۔

آپریشن سے متاثرہ محمد حفیظ کے مطابق خیبر پختونخوا کے گورنر سردار مہتاب احمد نے نقل مکانی کر کے آنے والے افراد کی رجسٹریشن کے لیے موبائل ٹیم تشکیل دی لیکن وہ اب تک نہیں پہنچی۔

محمد حفیظ نے کہا کہ 'ہم فیز 6 میں گزشتہ تین روز سے انتظار کر رہے ہیں، لیکن جمعرات سے یہاں کوئی نہیں آیا'۔

حفیظ کے مطابق ہمیں جھلسا دینے والی دھوپ میں بیٹھنے پر مجبور کیا گیا ہے۔

شمالی وزیرستان آپریشن سے متاثرہ ایک اور شخص احسان کا کہنا تھا کہ انتہائی تھکا دینے والے اور صبر آزما سفر کے بعد یہاں پہنچنے والے قبائلیوں کی رجسٹریشن نہ کر کے اُن کو مزید ذہنی اذیت دی جا رہی ہے جبکہ قانوں نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بھی انھیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔

احسان نے کہا کہ رجسٹریشن کے عمل کو تیز ہونا چاہیے تاکہ متاثرین کو نہ صرف سکون سے رہنے کے لیے مناسب قانونی مدد مل سکے بلکہ حکومتی امداد حاصل کرنے میں بھی آسانی ہو۔

انھوں نے کہا کہ فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی ایم اے) نے متعدد بار درخواست کے باوجود بھی اب تک رجسٹریشن ٹیم نہیں بھیجی ہے۔