لائف اسٹائل

پشاور: معروف کامیڈین گل بالی انتقال کر گئے

والے ساٹھ سالہ گل بالی ٹی وی ،اسٹیج،سی ڈی اور ٹیلی فلموں میں اپنے مزاحیہ کرداروں کی وجہ سے مشہور تھے۔

پشاور: پشتو زبان کے مشہور کامیڈین گل بالی طویل علالت کے بعد جمعے کو انتقال کر گئے۔

بانا مری سے تعلق رکھنے والے ساٹھ سالہ گل بالی کا اصل نام مراد علی تھا اور وہ ٹی وی، اسٹیج اور ٹیلی فلموں میں اپنے مزاحیہ کرداروں کی وجہ سے مشہور تھے۔

چار دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں انھوں نے چار سو سے زائد ٹی وی ڈراموں اور اسٹیج شوز میں کام کیا۔

ہپٹائٹس سی کے مریض بالی گل کافی عرصے سے بیمار تھے اور چند دن قبل لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ڈاکٹروں نے انھیں لاعلاج قرار دے کر ان کیفیملی سے انھیں گھر منتقل کرنے کا کہا تھا۔

جمعے کو گل بالی کی طبیعت مزید خراب ہوگئی، جنھیں ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے اور انتقال کر گئے۔

گل بالی نے اپنے پیچھے ایک بیوہ اور تین بیٹیاں سوگوارچھوڑی ہیں۔

ٹی وی اور اسٹیج کے معروف فنکاروں نے ان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گل بالی کے ٹیلنٹ کا موازنہ کسی اور اداکار سے نہیں کیاجا سکتا۔

کلچرل جرنلسٹ فورم کے چیئرمین احتشام تورو نے کہا ہے کہ حکومت کو گل بالی کے خنادان کی مالی کفالت کے لیے فنڈ جاری کرنا چاہیے، کیونکہ مرحوم کا خاندان مالی طور پر مستحکم نہیں ہے۔