کابل: بس کے قریب خودکش دھماکہ، چار ہلاک
یہ بس افغان ایئرفورس کے افسران کو کابل لے جارہی تھی، اس حملے میں پانچ افسران زخمی بھی ہوئے ہیں۔
کابل : افغان ایئرفورس کے افسران کو لے جانے والی ایک بس کے قریب خود کش بم دھماکے کے نتیجے میں چار افسران ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہو گئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ بدھ کو افغان ایئرفورس کی ایک بس کو خود کش حملہ آور نے اُس وقت نشانہ بنایا جب وہ فوجی افسران کو لے کر دارالحکومت کابل جا رہی تھی۔
کابل پولیس چیف کے ترجمان حشمت اسٹانک زئی کے مطابق حملہ آوروں کا نشانہ ایئرفورس کی بس تھی۔
یہ واقعہ کابل یونیورسٹی کے قریب پیش آیا جہاں عموماً سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات ہوتے ہیں۔
خود کش حملہ ایسے وقت ہوا جب افغانستان میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے موقع پر سیاسی تناؤ اپنے عروج پر ہے اور اس واقعے کے بعد اس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔