Dawn News Television

اپ ڈیٹ 10 جولائ 2014 06:50pm

ضربِ عضب کا پہلا مرحلہ مکمل، آئی ایس پی آر

میرانشاہ: پاکستانی فوج کا جمعرات کے روز کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل کرلیا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم باجوہ نے میران شاہ میں میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ آپریشن کا 'فیز ون' مکمل کرلیا گیا جس کے دوران تقریباً 400 'دہشت گردوں' کو ہلاک کیا گیا جبکہ آپریشن سے قبل متعدد 'دہشت گرد' علاقہ چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

عاصم باجوہ کے مطابق ہلاک ہونےوالوں میں ازبک اورترکش دہشت گردوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ میران شاہ پر اب فوج کا قبضہ ہے اور علاقے کا 80 فیصد حصہ اب جنگجوؤں سے چھڑوالیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران 23 ٹن دھماکا خیزمواد برآمد کیا گیا ہے جبکہ بم بنانے کی 11 فیکٹریاں بھی پکڑی گئی ہیں۔

تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ ٹی ٹی پی کے کئی دہشتگرد اورغیر ملکی آپریشن سے پہلے افغانستان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

خیال رہے کہ فاٹا ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ( ایف ڈی ایم اے) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق شمالی وزیرستان سے نقلِ مکانی کرنے والے آئی ڈی پیز کی تعداد اب آٹھ لاکھ ہوچکی ہے۔

ایف ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اب تک سات لاکھ ستاسی ہزار آٹھ سو اٹھاسی افراد کی رجسٹریشن کی جاچکی ہے۔

حکام کے مطابق ان افراد میں 62 ہزار چار سو ترانوے خاندان شامل ہیں۔

شمالی وزیرستان میں گزشتہ مہینے شروع ہونے والے فوجی آپریشن ضربِ عضب کے بعد سے متاثرہ بے گھر افراد کی ایک بڑی تعداد صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں موجود ہے۔

یاد رہے کہ آپریشن ضربِ عضب کراچی ائیرپورٹ پر آٹھ جون کو ہونے والے دہشت گرد حملے کے ایک ہفتے بعد شروع کیا گیا تھا۔

اس واقعے کے دوران حملہ آوروں سمیت 35 سے زائد افراد مارے گئے تھے۔

Read Comments