Dawn News Television

اپ ڈیٹ 15 جولائ 2014 05:20pm

افغانستان میں دو بم دھماکے، 91 افراد ہلاک

کابل: افغانستان کے مشرقی صوبے پکتیکا میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 89 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے وزارت دفاع کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ پیر کو پکتیکا کے ایک مصروف بازار میں ایک خود کش حملہ آور نے بارودی مواد سے بھری ہوئی ایک کار کو ٹکرادیا، جس میں کم از کم 89 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے اے پی نے مقامی ایڈمنسٹریٹر چیف محمد رضا خروٹی کے حوالے سے لکھا ہے کہ پکتیکا کے ارگن ڈسٹرکٹ میں ہونے والے اس دھماکے میں تقریباً چالیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

مقامی ڈپٹی پولیس چیف نثار احمد عبدل الرحیم زئی نے رائٹرز کو بتایا کہ پولیس تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کر رہی ہے۔

خروٹی کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد عام شہری ہیں اور مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب کابل میں منگل کی صبح صدارتی محل کے ملازمین کو لے جانے والی ایک منی وین سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے تباہ ہوگئی، جس کے نتیجے میں دو ملازمین ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے اے پی نے کابل پولیس کے چیف کرمنل انویسٹی گیشن آفیسر گل آغا ہاشمی کے حوالے سے بتایا ہے کہ وین میں صدارتی محل کے سات ملازمین سوار تھے، جو محل کے میڈیا آفس میں کام کرتے تھے۔

گل آغا ہاشمی کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت وین میں سوار دیگر پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

کابل پولیس کے ترجمان حشمت اسٹانک زئی کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کی مدد سے کیا گیا۔

دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرلی گئی ہے۔

سڑک کنارے ہونے والے بم دھماکے افغان سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے لیے ایک بہت بڑا خطرہ ہیں۔

Read Comments