پشاور: ایف آر پی کے سینئر افسر کے گھر پر حملہ، گارڈ ہلاک
پشاور: فرنٹیئر ریزرو پولیس (ایف آر پی) کے ایک سینئیر سپرنٹنڈنٹ کے گھر پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں ایک گاڑد ہلاک ہوگیا جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔
گلبہار کے ڈی ایس پی صاحب زادہ سجاد نے ڈان ۔ کام کے نما ئندے کو بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار تین افراد نے گلبہار نمبر چار میں واقع ایف آر پی کے سینئیر سپرنٹنڈنٹ گل ولی کی رہائشگاہ کے مرکزی دروازے پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں اُن کا ایک گارڈ شدید زخمی ہوگیا جو بعد ازاں لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں دم توڑ گیا۔
متوفی گارڈ عدنان فرنٹیئر ریزرو پولیس میں بحیثیت گارڈ اپنے فرائض سر انجام دے رہا تھا۔
واقعے کے وقت وہ دیگر دو اہلکاروں کے ہمراہ گھر کے مرکزی دروازے پر اپنی ڈیوٹی پر تھا کہ حملہ آوروں نے اُن پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ سے عدنان شدید زخمی ہوگیا، جبکہ دیگر اہلکاروں کی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے اور اپنے ساتھ مقتول گارڈ عدنان کی گن بھی لے گئے۔
تفتیشی افسر کے مطابق حملہ آوروں نے 9 ایم ایم کی پستول سے فائرنگ کی اور اُن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ڈی ایس پی سجاد کے مطابق گل ولی کے گھر کے باہرسات گارڈز تعینات ہوتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس 26جولائی 2013 کو بھی گل ولی کی گاڑی پر چار نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں اُن کا ایک گارڈ اور ڈرائیور ہلاک ہو گیا تھا۔