یو اے ای کی نظر مریخ کی تسخیر پر
دبئی : دنیا کے سب سے بلند ترین ٹاور کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد متحدہ عرب امارات نے مریخ تک پہنچنے والے پہلے عرب ملک بننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
یو اے ای نے بغیر پائلٹ کے ایک خلائی مشن آئندہ سات برسوں کے اندر زمین کے پڑوسی سیارے کی جانب بھیجنے کا اعلان کیا ہے جس سے یہ دنیا کے ان نو ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے جو سرخ سیارے کو تسخیر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
یو اے ای کابینہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد انسانی علم میں اضافہ اور اماراتی معیشت کو بہتر بنانا ہے۔
اس مقصد کے لیے یو اے ای کا خلائی مشن 2021ء میں مریخ کے لیے روانہ ہوگا، جبکہ دبئی کے حکمران شیخ محمد بن رشید المکتوم کا کہنا ہے کہ یہ مشن ثابت کردے گا کہ مشرق وسطیٰ میں متعدد تنازعات کے بعد عرب دنیا بھی سائنسی میدان میں کسی سے سے پیچھے نہیں۔
واضح رہے کہ برسوں سے یو اے ای عرب لیگ میں شامل ممالک پر زور دیتا رہا ہے کہ یورپین اسپیس ایجنسی کے طرز پر ایک عرب اسپیس ایجنسی کو تشکیل دیا جائے۔
اب تک مریخ کی جانب سے 1960ءسے اب تک خلائی مشنز میں سے صرف امریکی روبوٹ ہی وہاں لینڈ کرنے اور طویل عرصے تک قیام کرنے میں کامایب ہوسکا ہے، جبکہ روس اور دیگر ممالک کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔