پاکستان

شمالی وزیرستان: ڈرون حملے میں آٹھ مشتبہ جنگجو ہلاک

امریکی ڈرون طیاروں نے رات تین بجے کے قریب تحصیل دتہ خیل میں ایک کمپاؤنڈ پر دو میزائل فائر کیے، انٹیلیجنس ذرائع۔

پشاور: پاکستان کی قبائلی ایجنسی شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے میں کم از کم آٹھ مشتبہ شدت پسند ہلاک ہو گئے۔

انٹیلی جنس ذرائع نے جمعہ کی رات بتایا کہ امریکی ڈرون طیاروں نے رات تین بجے کے قریب تحصیل دتہ خیل کے گاؤں ڈوگا ماداخیل میں ایک کمپاؤنڈ پر دو میزائل فائر کیے۔

حملے میں مبینہ طور پر کچھ اہم عسکریت پسند کمانڈروں سمیت آٹھ ہلاکتوں کی اطلاع ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں کا تعلق پنجابی طالبان سے ہے اور جس کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا گیا وہ پنجابی طالبان کے زیر استعمال تھا۔

خیال رہے کہ ایجنسی میں آپریشن ' ضرب عضب' شروع ہونے کے بعد یہ تیسرا ایسا حملہ ہے۔ دو دن پہلے اسی طرح کے ایک حملے میں کم از کم اٹھارہ مشتبہ شدت پسند ہلا ک ہو گئے تھے۔