طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف پیپلز پارٹی آج احتجاج کرے گی
کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بجلی کی طویل بندش سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
کراچی: صوبہ سندھ میں ان دنوں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف آج پیپلز پارٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق پیپلز پارٹی نے لوڈشیڈنگ کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو ٹھہراتے ہوئے آج اتوار کے روز ادارے کے مرکزی دفاتر کے سامنے احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ دیہاتوں میں اٹھارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمعہ کے روز کراچی شہر میں ایک طویل بریک ڈاؤن سے شہریوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج کے دھرنے میں پیپلزپارٹی کے کارکنان اور ارکان سندھ اسمبلی بھی شرکت کریں گے۔
خیال رہے کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بجلی کی طویل بندش سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔