Dawn News Television

اپ ڈیٹ 27 جولائ 2014 05:01pm

وزیراعظم کے جانوروں پر لاکھوں روپے ماہانہ اخراجات

ایک طرف مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث جہاں عام آدمی کو کھانے کے لالے پڑے ہیں وہیں پاکستان جیسے غریب ملک کے امیر وزیراعظم ہر ماہ لاکھوں روپے صرف جانوروں کی دیکھ بھال کیلئے خرچ کردیتے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق رائے ونڈ پیلس میں وزیراعظم نواز شریف کے شوق کیلئے دنیا بھر کے جانوروں کی اعلیٰ نسلیں رکھی گئیں ہیں، جن میں مور، ہرن، چھوٹے قد کے گھوڑے، آسٹریلین بھینسیں، نیل گائے، نایاب طوطے، کبوتر اور دیسی بکرے شامل ہیں۔

حال ہی میں چوبیس لاکھ روپے مالیت کے نایاب نسل کے کتے بھی خریدے گئے ہیں، خاص بات تو یہ ہے کہ ان کی سیکیورٹی کیلئے غریب عوام کے ٹیکس پر تنخواہ لینے والے اکیس پولیس اہلکار رکھے گئے ہیں۔

کچھ ماہ قبل ایک جنگلی بلے نے قمیتی مور پر حملہ کرکے اسے ہڑپ کرلیا تھا ،اس واقعہ کا وزیراعظم نے ازخود نوٹس لے کر ایس پی کی سرزنش کی۔

جس پر پولیس افسر نے جانوروں کی سیکیورٹی پر موجود تین پولیس اہکاروں کو معطل کردیا،اہلکاروں نے چھاپہ مار کر بلے کو حراست میں لیا تو انہیں بخشا گیا۔

ذرائع کے مطابق ان جانوروں کی دیکھ بھال اور خوراک پر ماہانہ لاکھوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں جبکہ بتیس ارکان پر مشتمل عملہ صرف جانوروں کی خدمت کے لیے ہر وقت موجود رہتا ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ لوگ یہاں بھوک سے مر رہے ہیں ایسے میں شاہانہ خرچ کرنا وزیراعظم کو زیب نہیں دیتا۔

Read Comments