Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 جولائ 2014 01:01pm

افتخار چوہدری کا عمران خان کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا عزم

کوئٹہ : سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

کوئٹہ میں عید گاہ طوغی روڈ میں عید کی نماز کے بعد ڈان نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس نے کہا کہ انتخابی دھاندلی کے مبینہ الزامات پر عمران خان کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے جس کی چودہ روز کی مدت پوری ہونے کے بعد وہ مزید کارروائی کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان کے مجھ پر الزامات پوری عدلیہ پر الزامات لگانے کے مترادف ہیں جن کے خلاف وہ ہرممکن کارروائی کریں گے۔

خیال رہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے چوبیس جولائی کو عمران خان کو 20 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا تھا۔

نوٹس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے چودہ دن میں معافی نہ مانگی تو ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔

اس سے قبل سابق چیف جسٹس کے بیٹے ارسلان افتخار بھی عمران خان کو قومی اسمبلی سے نااہل قراردلانے کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کرچکے تھے۔

ارسلان افتخار کا موقف تھا کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں اپنی بیٹی کی ولدیت کو چھپایا، جس کی وجہ سے وہ آئین کی شق باسٹھ اور تریسٹھ پر پورے نہیں اترتے، لہٰذا اس لیے انہیں قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قراردیا جائے۔

ارسلان افتخارکا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان اب صادق اور امین نہیں رہے اور ان کی قومی اسمبلی کی رکنیت کو معطل کیا جائے۔

Read Comments