Dawn News Television

شائع 01 اگست 2014 04:43am

سب سے بڑی چینی مسجد کے امام قتل

بیجنگ: چین کی سب سے بڑی مسجد کے امام کو فسادات کے شکارخطے دور دراز مغربی خطے ژنجیانگ میں قتل کر دیا گیا۔

ژنجیانگ کے سرکاری ویب پورٹل تیان شان نے بتایا کہ کاشغر میں چھ سو سال پرانی مسجد میں چینی حکومت کے مقرر کردہ امام جمعہ طاہر کو بدھ کے روز 'مذہبی شدت پسند نظریات' رکھنے والے تین غنڈوں نے قتل کیا۔

تیان شان کے مطابق، پولیس نے دو مبینہ قاتلوں کو گولی مار کر ہلاک جبکہ تیسرے کو گرفتار کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔حکام کا خیال ہے کہ امام کو 'سوچے سمجھے منصوبے' کے تحت نشانہ بنایا گیا جبکہ ملزمان انہیں 'بے رحمانہ طریقے' سے قتل کرنا چاہتے تھے۔

پورٹل پر بتایا گیا کہ ملزمان 'کچھ بڑا کر کے اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کے خواہش مند' تھے۔

اس سے پہلے ریڈیو فری ایشیا نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا تھا کہ خون میں لت پت طاہرکی لاش مسجد کے باہر پڑی ملی۔

خیال رہے کہ ژنجیانگ میں اقلیتی مسلمان برادری یوغر کی بڑی تعداد رہتی ہے۔

گزشتہ ایک سال کے دوران اس خطے میں پر تشدد واقعات بڑھتے ہوئے دوسرے علاقوں میں پھیل چکے ہیں۔

Read Comments