شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ، 5 ہلاک
پشاور : پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں ڈرون حملے کے نتیجے میں پانچ مشتبہ شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔
انٹیلیجنس ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں دو شدت پسند زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تازہ تر غیر ملکی شامل ہیں، لیکن انٹیلجنس حکام نے ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت نہیں کی ہے۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق حملے ایک مکان پر دو میزائل داغے گئے ہیں۔
یہ ڈرون حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف ایک مکمل فوجی آپریشن جاری ہے۔
رواں سال کے دوران پاکستان کے قبائلی علاقے میں یہ چوتھا ڈرون حملہ ہے۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ 19 جولائی کو بھی شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں ایک ڈرون حملہ ہوا تھا جس میں کم سے کم آٹھ مشتبہ شدت پسند ہلاک ہوگئے تھے۔
اس تازہ حملے کے بعد ابھی تک پاکستان دفترِ خارجہ کی جانب سے بھی کچھ نہیں کہا گیا ہے۔
تاہم، ماضی میں بھی ڈرون حملوں پر پاکستانی حکام کا یہی مؤقف رہا ہے کہ یہ حملے اس کی خودمختاری اور سلامتی کی سخت خلاف ورزی ہیں۔