خیبر ایجنسی: حملہ ناکام، چار مبینہ دہشت گرد ہلاک
خیبر ایجنسی: پاکستان کے قبائلی علاقے خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ کے علاقے فورٹ سلوپ میں سیکورٹی فورسز نے بارود سے بھری ایک گاڑی تباہ کردی، جس کے نتیجے میں چار مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ںمائندہ ڈان ڈاٹ کام ظاہر شاہ شیرازی کے مطابق خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ کے علاقے فورٹ سلوپ میں سیکورٹی فورسز نے ایک مشتبہ گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا جس کے نہ رکنے پر فورسز نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار چار دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ بھاری مقدار میں بارودی مواد بھی تباہ ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ گاڑی سیکیورٹی فورسز کے ایک بیس کو نشانہ بنانے جا رہی تھی، کہ راستے میں ہی اسے تباہ کیا گیا۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان کے گینگریز گروپ سے بتایا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت راشد کے نام سے ہوئی ہے۔
دیگر ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی میں موجود بارودی مواد کے دھماکے کے نتیجے میں چار دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
تاہم آئی ایس پی آر کی جانب سے ابھی واقعے کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔