Dawn News Television

اپ ڈیٹ 18 اگست 2014 07:29pm

چوہدری نثار اور شہباز شریف کی آرمی چیف سے ملاقات

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے راولپنڈی میں ایک اہم ملاقات کی ہے جس میں اسلام آباد میں جاری دھرنوں اور سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

دونوں رہنماؤں کی آرمی چیف سے یہ ملاقات اسلام آباد میں جاری پاکستان تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنوں اور ان کی جانب سے وزیر اعظم کے استعفے کے مطالبے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد ہوئی ہے۔

ذرائع سے بتایا کہ ملاقات میں پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے انقلاب اورپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آزادی مارچ سے پیدا ہونے والی صورتحال اور سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فوری طور پر پی ٹی آئی اور پی اے ٹی سے مذاکرات شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

یاد رہے گزشتہ روز عمران خان نے گزشتہ روز آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب میں سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان کیا ہے جب کہ اس سے قبل ڈاکٹر طاہر القادری بھی حکومت کو 48 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دے چکے ہیں جو کہ آج رات ختم ہو رہی ہے۔

Read Comments