مائنس ون فارمولا پاکستان میں نہیں چلے گا، اسفند یار ولی
پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صدر اسفند یار ولی نے وزیراعظم نواز شریف سے استعفٰی کے مطالبے کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مائنس ون کا فارمولا پاکستان میں نہیں چلےگا۔
پیر کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے اے این پی سربراہ نے کہا کہ وہ نوازشریف کا نہیں بلکہ پارلیمنٹ کا ساتھ دے رہےہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ انقلاب اور آزادی کے ساتھ نہیں بلکہ جمہوریت کے ساتھ ہیں اور اس کو بچانے کے لیے پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا ساتھ دینے کے لیے سڑکوں پر بھی نکل سکتے ہیں۔
اسفند یار ولی نے کہا کہ انقلاب اورآزادی کے نام پر ڈرامہ کیا جارہا ہے اور اس ڈرامے کے باعث غیر ملکی وفود پاکستان نہیں آ رہے۔
انھوں نے کہا کہ انتخابات میں اےاین پی کے ساتھ بھی دھاندلی ہوئی پھر بھی وہ جمہوریت کا ساتھ دے رہے ہیں۔
اے این پی سربراہ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پشاورمیں لوگ بارشوں سے مر رہے ہیں لیکن اسلام آباد میں بھنگڑے ڈالے جا رہے ہیں۔