پاکستان

جمرود : عوامی مقامات پر دہشت گردوں کی فہرست آویزاں

پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق فہرست میں شامل 'دہشت گرد' ایجنسی میں مختلف حملوں میں ملوث رہے ہیں ۔

خیبر ایجنسی: پاکستان کے دور دراز قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کی انتظامیہ نے تحصیل جمرود میں ستر انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست کو مختلف عوامی مقامات پر آویزاں کیا ہے ۔

نمائندہ ڈان ڈاٹ کام کے مطابق پولیٹیکل انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں شامل افراد مبینہ طور پر ایجنسی میں دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں ۔

پولیٹیکل انتظامیہ نے بھی فہرست کو عوامی مقامات پر آویزاں کیے جانے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اس کا مقصد ان دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے عوام کو راغب کرنا ہے۔

قبائلی عمائدین کو بھی اس بات کی تنبہیہ کی گئی ہے کہ وہ ان مبینہ دہشت گردوں کو انتظامیہ کے حوالے کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، دوسری صورت میں ان کے خلاف شہری ذمہ داری کے قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔