Dawn News Television

اپ ڈیٹ 04 ستمبر 2014 08:08pm

جاوید ہاشمی کا استعفیٰ منظور

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق سیکریٹریٹ قومی اسمبلی نے جاوید ہاشمی کا استعفیٰ الیکشن کمیشن کو ارسال کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ استعفیٰ الیکشن کمیشن کو موصول ہوگیا ہے۔

باغی کے نام سے مشہور جاوید ہاشمی نےممکنہ ماورائے آئین اقدامات پر قومی اسمبلی سے استعفیٰ دیا تھا۔

ابتدائی طور پر حکمران جماعت مسلم لیگ نواز کے سابق رہنما ہاشمی اسلام آباد میں جاری پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے میں شامل تھے۔

تاہم بعد ریڈ زون میں داخلے کے معاملے پر ان کے عمران خان کے ساتھ اختلافات رونما ہوگئے جس کے بعد انہوں نے خود کو دھرنے سے الگ کردیا۔

ایک پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ وہ پی ٹی آئی کارکنان کے ریڈ زون میں داخلے کے خلاف تھے جبکہ اس حوالے سے ان سے مشاورت نہیں کی گئی۔

بعدازاں عمران خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے اور جاوید ہاشمی کے راستے اب جدا ہوچکے ہیں۔

Read Comments