پی ٹی آئی ورکرز کو دھرنا مزید دو ہفتے تک جاری رکھنے کی ہدایت
اسلام آباد : پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اتوار کو اپنے بیشتر پارٹی ورکرز کی توقعات کو اس وقت چکنا چور کردیا جب انہوں نے نے شرکاءکو مزید دو ہفتے تک دھرنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی۔
تحریک انصاف کے ایک سنیئر لیڈر نے ڈان کو بتایا کہ پارٹی چیئرمین ابھی بھی پرامید ہیں کہ وزیراعظم نواز شریف مستعفی ہوجائیں گے، ہم نے پارٹی رہنماﺅں کو کہا ہے کہ دو ہفتے کے لیے دھرنے میں لوگوں کو لے کر آئیں۔
پی ٹی آئی پنجاب کا ایک اجلاس خیبرپختونخوا ہاﺅس میں ہوا جس میں ملک میں تباہ کن سیلاب کے بعد دھرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
پی ٹی آئی کے سنیئر لیڈر نے بتایا کہ اجلاس میں بیشتر افراد کو توقع تھی کہ پارٹی چیئرمین کی جانب سے کہا جائے گا کہ دو سے تین روز تک دھرنے کے سمیٹ لیا جائے گا۔
اس کا کہنا تھا"اس اجلاس کو طلب کرنے کا مقصد پارٹی ورکرز اور حامیوں کا مورال بڑھانا تھا کیونکہ عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومتی پوزیشن ہر گزرتے دن کے ساتھ کمزور ہوتی جارہی ہے اور وہ وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ تسلیم کرسکتی ہے"۔
تاہم پنجاب سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی نے اس ڈر سے اجلاس سے شرکت نہیں کہ دیگر شرکاءکے سامنے پارٹی چیئرمین ان کی سرزنش نہ کردیں۔
پی ٹی آئی رہنماءنے بتایا"ان اراکین کی جانب سے علیحدہ اجلاس کی درخواست قبول کرلی گئی اور انہیں پیر کو عمران خان سے ملاقات کے لیے بلایا گیا ہے"۔
اس نے بتایا کہ پارٹی کے کچھ رہنماﺅں نے میڈیا میں پی ٹی آئی قیادت پر ہونے والی اس تنقید کا حوالہ بھی دیا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ نہیں کررہے، مگر اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی شمالی وزیرستان میں آپریشن کے باعث بے گھر ہونے والے افراد اور پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے عمران خان فاﺅنڈیشن سے تعاون کے لیے امداد جمع کرے گی۔
پارٹی نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ اس کے راولپنڈی ڈویژن کے عہدیداران روز شام کو دھرنے میں لوگوں کو جمع کرکے لایا کریں گے۔
پارٹی چہئرمین نے پارٹی رہنماﺅں کو صبح کے اوقات میں اپنے کاروبار اور دیگر ذاتی کاموں کو کرنے جبکہ شام کو دھرنے میں شرکت کی اجازت بھی دی۔
پی ٹی آئی کے سنیئر لیڈر کا کہنا تھا کہ دھرنے میں لوگوں کی تعداد میں بتدریج بہتری آرہی ہے اور اس کو آئندہ دو ہفتے تک برقرار رکھا جائے گا۔
جب اس حوالے سے پی ٹی آئی کے ضلعی صدر اور رکن پنجاب اسمبلی عارف عباسی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کے پی ہاﺅس میں اجلاس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی چیئرمین پرامید ہیں کہ وزیراعظم کے استعفے سمیت ان کے تمام مطالبات کو تسلیم کرلیا جائے گا۔
عارف عباسی نے کہا کہ پارٹی نے اس خطے کے تمام ضلعی صدور کو ہدایت کی ہے کہ دھرنے میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو لے کر آئیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین نے اشارہ دیا ہے کہ دو ہفتے کے اندر دھرنے کا نتیجہ سامنے آسکتا ہے۔
راولپنڈی سے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی بارہ سے منتخب ہونے والے اعجاز خان نے بتایا کہ اراکین صوبائی اسمبلی پیر کو عمران خان کے ساتھ علیحدہ اجلاس کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین اجلاس کے دوران اراکین صوبائی اسمبلی کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کریں گے اور حلقہ انتخاب میں کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے نئی ہدایات دیں گے۔