پاکستان

باجوڑ ایجنسی: فائرنگ سے پولیو ٹیم کا محافظ ہلاک

یہ واقعہ باجوڑ ایجنسی کے علاقے ڈمہ ڈولہ میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی۔
|

باجوڑ ایجنسی: پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں انسدادِ پولیو ٹیم پر فائرنگ سے ایک لیوز اہلکار ہلاک ہوگیا۔

پولیٹیکل ذرائع کے مطابق یہ واقعہ باجوڑ ایجنسی کے علاقے ڈمہ ڈولہ میں پیش آیا، جہاں انسداد پولیو ٹیم بچوں کو قطرے پلانے میں مصروف تھے جب مسلح افراد نے فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور لیوز کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق واقعہ کے بعد فورسز نے علاقے کو کھیرے میں لے لیا، تاہم کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

پاکستان دنیا کے ان تین ملکوں میں شامل ہے جہاں اس مہلک بیماری سے بچوں کی ایک بڑی تعداد متاثر ہے، لیکن ملک بھر میں کافی عرصے سے مسلسل پولیو ٹیموں کو نشانہ بنائے جانے سے یہ مہم متاثر ہورہی ہے۔

پاکستان کے علاوہ یہ بیماری صرف نائجیریا اور افغانستان میں پائی جاتی ہے۔

پاکستان میں انسدادِ پولیو ٹیمیوں اور ان کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر حملوں کا سلسلہ گزشتہ کئی سالوں سے جاری ہے جس کی وجہ سے ملک میں انسدادِ پولیو کی مہم متعدد بار متاثر ہوئی ہے۔


مانسہرہ: دو مختلف واقعات میں بچے سمیت تین افراد ہلاک


صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں تھانہ خاکی کی حدود میں دو مختلف واقعات میں ایک بچے سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔

پہلا واقعہ جیا میرا کے علاقے میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دو افرادکو ہلاک کردیا، جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

دوسرے واقع میں گزشتہ روز گھر سے اچانک لاپتہ ہونے والے 14 سالہ نوجوان عمر ریاض کی لاش مراد پور کے مقام سے ملی ہے۔

مقتولین کی لاش کو شاہ عبداللہ تدریسی ہسپتال میں پوسٹمارٹم کرنے کے بعد ورثان کے حوالے کردیا گیا۔