پاکستان

بلوچستان: دو ڈاکٹروں سمیت پانچ افراد اغوا

لیویز ذرائع نے بتایا کہ لورالائی اور ژوب سے تین ڈاکٹروں اور دو افراد کو اغوا کیا گیا ہے۔

کوئٹہ: صوبے کے مختلف اضلاع سے تین ڈاکٹروں سمیت پانچ افراد کو اغوا کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق افراد کو ژوب اور لورالائی سے اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ سفر میں تھے۔

لیویز ذرائع نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ ڈاکٹرمحمد انور، ڈاکٹر ایاز، ڈاکٹر نصراللہ اور ان کے کلرک محمد فاروق اور ڈرائیورمحمد انور بدھ سے لاپتہ ہیں۔

ان کےاہلِ خانہ نے ژوب اور لورالائی میں لیویز اہلکاروں کے پاس گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی ہے۔

لیویز کے مطابق ان کے اہلِ خانہ کا مؤقف ہے کہ بدھ کے روز سے یہ افراد لاپتہ ہیں اور ان سے رابطہ بھی منقطع ہے۔

' ہمیں نہیں معلوم کہ کل سے ہمارے اہلِ خانہ کہاں پر ہیں،' ایک لیوی آفیشل نے اغوا شدہ افراد کے خاندان کے ارکان کے یہ الفاظ ڈان ڈاٹ کام کو بتائے۔

اس نے کہا کہ سول ہسپتال لورالائی کے تین ڈاکٹر، ایک کلرک اور ایک ڈرائیور اپنے سینئیر سرجن کے جنازے میں شرکت کیلئے لورالائی سے ژوب جارہے تھے کہ وہ لاپتہ ہوگئے۔

لیویزاورپولیس اہلکاروں نے لاپتہ افراد کی بحفاظت رہائی کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں۔

 واضح رہے کہ ماضی میں مسلح افراد کی جانب سے بلوچستان میں ڈاکٹروں کو اغوا کیا گیا ہے۔ لورالائی اور ژوب کے پہاڑی علاقوں میں شرپسندوں کی جانب سے مختلف افراد کو اغوا کیا جاتا رہا ہے۔

اسی علاقے میں سوئٹزرلینڈ کے ایک جوڑے کو دوجولائی 2011 کو اغوا کیا گیا تھا اور  15 مارچ 2012 کو تاوان کی ادائیگی کے بعد اغواکاروں نے انہں رہا کیا تھا۔