Dawn News Television

اپ ڈیٹ 15 ستمبر 2014 01:37pm

ہنگو: تھانے پر شدت پسندوں کا حملہ، ایک اہلکار ہلاک

پشاور: پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں پیر کی صبح مسلح حملہ آوروں نے ٹل پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک، جبکہ تین زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق مسلح شدت پسندوں نے بھاری ہتھیاروں کے ذریعے پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنایا۔

ہنگو پولیس نے تصدیق کی ہے کہ حملہ آوروں میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا اور جب پولیس تھانے کے گیٹ پر اس کو روکنے کی کوشش کی گئی تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

انصارالسلام نامی شدت پسند گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز کی نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ اب بھی جاری ہے۔

خیال رہے کہ ہنگو صوبہ خیبر پختونخوا کا ایک ایسا ضلع ہے، جس کی سرحدیں قبائلی علاقوں خصوصاً اورکزئی ایجنسی سے ملتی ہیں، جو طالبان شدت پسندوں کا گڑھ ہے۔


پولیس ایس ایچ او کے گھر پر حملہ، دو ہلاک


اسی دوران خیبرپختونخوا کے ہی شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک پولیس ایس ایچ او کے گھر پر مسلح افراد نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔

یہ واقعہ ڈیرہ اسماعیل خان کے گاؤں روڑہ میں پیش آیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد ایس ایچ او سیف الرحمن کے بھائی تھے۔

Read Comments