Dawn News Television

شائع 17 ستمبر 2014 05:34pm

وزیراعظم کیخلاف پی اے ٹی کے دو کارکنوں کے قتل کا مقدمہ درج

اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے دو کارکنوں کی ہلاکت کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق دونوں کارکنوں کی ہلاکت کا مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کیا گیا ہے۔

مقدمے میں وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کے علاوہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، آئی جی اسلام آباد، آئی جی پنجاب اور دیگر اعلٰی سرکاری حکام کو نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمے میں قتل، اقدام قتل، خوف و ہراس پھیلانے اور اکسانے سمیت دہشتگردی کی دفعہ سیون اے ٹی اے شامل کی گئی ہے۔

ایف آئی آر کے اندراج کا حکم اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے دیا تھا۔

حکومت نے وزیراعظم ،وزیراعلٰی پنجاب، وزیر داخلہ، وزیر ریلوے اور دیگر کیخلاف ایف آئی آر کے اندراج کے متعلق سیشن جج کا حکم اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Read Comments