لائف اسٹائل

لیونارڈو کا موسمیاتی تبدیلیوں کیخلاف اقدامات کا مطالبہ

ہولی وڈ اداکار نے عالمی رہنماﺅں پر زور دیا کہ گلوبل وارمنگ کی روک تھام کے لیے کوششیں کریں۔

ہولی وڈ اسٹار لیونارڈو ڈی کیپریو موسمیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کی کانفرنس میں اسٹار پاور لے کر آئے اور عالمی رہنماﺅں پر زور دیا کہ گلوبل وارمنگ کی روک تھام کے لیے کوششیں کریں۔

کانفرنس میں شریک ایک سو بیس لیڈرز سے ٹائیٹنک اسٹار نے کہا کہ ایک اداکار ہونے کی حیثیت سے میں زندگی کے مختلف روپ پیش کرتا ہوں، میں نے اکثر افسانوی کردار ادا کر کے فکشن مسائل کو حل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ انسان موسمیاتی تبدیلیوں کو بھی اسی طرح دیکھ رہے ہیں یعنی اسے افسانوی سمجھ رہے ہیں۔

اپنے لمبے بالوں کو باندھے اور سوٹ میں ڈی کیپریو اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون کی دعوت پر ایک روزہ کانفرنس سے خطاب کے لیے آئے تھے جو کہ موسمیاتی تبدیلی پر عالمی رہنماﺅں کا سب سے بڑا اجتماع تھا۔

لیونارڈو نے زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے اور موسموں کی شدت گلوبل وارمنگ کا ثبوت ہے۔

ہولی وڈ اداکار اپنی لیونارڈو ڈی کیپریو فاﺅنڈیشن کے تحت پہلے بھی موسمیاتی تبدیلی کے مسائل پر آواز بلند کرچکے ہیں اور اقوام متحدہ میں انہوں نے کاربن کے اخراج کی قیمت مقرر کرنے اور تیل، کوئلے اور گیس پر حکومتی سبسڈیز ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ عالمی رہنماﺅں کے لیے بہت ضروری وقت اور پیغام ہے، یہ انسانیت کو درپیش سب سے بڑے چیلنج کو جواب دینے کا وقت ہے، ہم آپ سے اپیل کرتے ہیں اس کا بہادری اور دیانتداری سے سامنا کریں۔