پاکستان

مہمند ایجنسی:دھماکے میں طالبان مخالف امن کمیٹی کے دو ارکان ہلاک

داوے زئی میں آئی ای ڈی سے ہونے دھماکے میں کمیٹی کا ایک رکن زخمی بھی ہوا،جماعت الاحرار نے ذمہ داری قبول کر لی
|

پشاور: خیبر پختونخوا میں مہمند ایجنسی میں بم دھماکے میں طالبان مخالف امن کمیٹی کے دو ارکان ہلاک ہوئے۔

تحصیل پندیالی کے علاقے داوے زئی میں آئی ای ڈی سے ہونے دھماکے میں کمیٹی کا ایک رکن زخمی بھی ہوا۔

ذارئع کے مطابق دھماکا خیز مواد سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا اور امن کمیٹی کے ارکان کو وہاں سے گزرتے ہوئے نشانہ بنایا گیا۔

دھماکے میں دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے تھے جبکہ ایک شدید زخمی ہوا، زخمی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔سیکورٹی ادارے دھماکے کے بعد متاثرہ جگہ پہنچے اور اسے گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔

دھماکے کو شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کا رد عمل قرار دیا جا رہا ہے۔

مہمند ایجنسی افغانستان کی سرحد کے ساتھ وفاق کے زیر انتظام سات ایجنسیوں میں سے ایک علاقہ ہے جو کہ عسکریت پسندی سے متاثر رہا ہے اور اسے طالبان و القاعدہ کا گڑھ سمجھا جاتا تھا۔


جماعت الاحرار نے ذمہ داری قبول کر لی


کلعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے الگ ہونے والے گروپ جماعت الاحرار نے مہمند ایجنسی میں ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

جماعت الاحرار کے ترجمان احسان اللہ احسان نے ڈان ڈاٹ کام سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن کمیٹی کے ارکان کو طالبان کے خلاف لڑنے اور مخبری کرنے پر نشانہ بنایاگیا۔

احسان اللہ احسان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت کے حامی اور طالبان مخالف افراد کو نشانہ بنایا جا تا رہے گا۔