پاکستان

پشاور: پی آئی اے طیارہ پر مبینہ فائرنگ

پشاورائیر پورٹ پر لینڈ کرنے والے طیارہ پر بڈھبیرعلاقے میں مبینہ فائرنگ، کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

پشاور: پشاور میں باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اترنے والے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے ایک طیارے پر مبینہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

سرکاری حکام نے بتایا کہ ریاض سے پشاور آنے والا طیارہ پی کے 376پر بڈھ بیر کی حدود میں سلیمان خیل اور ماشو خیل کے درمیان نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔

بڈھ بیر پولیس نے بتایا کہ انہیں واقعہ کی اطلاع ملی ہے اور وہ تحقیق کر رہے ہیں کہ آیا طیارہ پر حملہ کیا گیا یا پھر یہ علاقے میں محض فائرنگ کا کوئی عام واقعہ تھا۔

سیکورٹی فورسز کو صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ ماضی میں پشاور میں اسی طرح کے ایک واقعہ میں پی آئی اے کے طیارہ پر فائرنگ سے ایک خاتون ہلاک جبکہ دو کریو ممبر زخمی ہو گئے تھے۔

واقعہ کے بعد کئی انٹرنیشنل ایئرلائنز نے پشاور ائیر پورٹ کے لئے اپنی پروازیں منسوخ کر دی تھیں۔