پاکستان

خیبر ایجنسی: سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ ناکام، چھ شدت پسند ہلاک

فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے کم سے کم چھ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ بعد میں ان کی لاشوں کو بھی قبضے میں لے لیا۔

پشاور: پاکستان کے قبائلی علاقے خیبرایجنسی کی تحصیل جمرود میں سیکیورٹی فورسز نے ایک چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کو ناکام بناتے ہوئے چھ شدت پسندوں کو ہلاک کردیا ہے۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد شدت پسندوں نے ساکی پل کے علاقے میں واقع ایک چک پوسٹ پر حملہ کیا، جبکہ اس دوران رات بھر دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے کم سے کم چھ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ بعد میں ان کی لاشوں کو بھی قبضے میں لے لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ باقی شدت پسند موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ابھی تک ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔