Dawn News Television

شائع 30 ستمبر 2014 05:51am

'پارلیمنٹ نے جمہوریت کے استحکام میں مدد کی'

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت دھرنوں کے باعث پیدا ہونے والے خلل کے باوجود عوام کی انتھک خدمت میں مصروف ہے۔

انہوں نے یہ بات وطن واپسی کے لئے ہیتھرو ایئرپورٹ روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 69 ویں اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس آتے ہوئے لندن میں دو راتیں قیام کیا۔

ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ، نواز شریف نے کہا کہ وہ منفی سیاست کرنے والوں کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتے۔

'پارلیمنٹ نے جمہوریت کے استحکام کے لئے اہم کردار ادا کیا'۔

نواز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت بھی نظام میں موجود خرابیوں کو دور کرنے کی خواہاں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ 'میرا نہیں خیال کہ عدلیہ حکومت کے خلاف کسی سازش میں ملوث ہے'۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب اور کشمیر پر موقف پاکستان اور کشمیری عوام کے جذبات کا عکاس ہے۔

Read Comments