پاکستان

پشاور: فائرنگ سے پولیس اہلکار ہلاک

فائرنگ کا یہ واقعہ پشاور کے علاقے وزیرآباد میں پیش آیا، جبکہ مسلح افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پشاور: پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے وزیرآباد میں آج جعمرات کے روز نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرآباد کے علاقے یکہ توت میں موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کے اے ایس آئی آصف محمد پر اس وقت فائرنگ کردی، جب وہ اپنے بیٹے کو اسکول چھوڑنے جارہے تھے۔

فائرنگ کے بعد مسلح افراد فرار ہوگئے۔

فائرنگ سے پولیس اے ایس آئی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ ان کی لاش کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش کا عمل شروع کردیا۔

پولیس کی جانب سے اب تک کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

یاد رہے کہ اس واقعہ قبل بدھ کو پشاور کے علاقے سفید دھری میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دو ا فراد کو ہلاک کردیا تھا۔

یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے اس سے قبل بھی پشاور شہر میں متعدد بار پولیس کو فائرنگ اور بم دھماکوں کے ذریعے نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔