پاکستان

'افغان عوام، طالبان کے ساتھ مل کر ملک کی خدمت کریں'

عیدالاضحیٰ پر افغان کیمپوں میں تقسیم کیے گئے پمفلٹس میں ملّا عمر کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ کوئی مذاکرات نہ کرے۔

پشاور: افغان طالبان نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کو مسترد کرتے ہوئے افغان شہریوں کو کہا ہے کہ وہ امریکہ کی اتحادی فورسز کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، جنہیں پہلے ہی شکست دی جا چکی ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ انہیں افغانستان سے بے دخل کردیا جائے۔

ہفتے کو افغان طالبان کے امیر ملا محمد عمر کی جانب سے پشاور اور ملحقہ علاقوں میں قائم افغان مہاجر کیمپوں میں پفلٹ کی صورت میں عید کا پیغام تقسیم کیا گیا۔

جس میں افغانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ افغان فوج اور امریکی جنگ کو چھوڑ کو صرف اپنے خاندان کی طرف توجہ دیں۔

پمفلٹ کے متن کے مطابق امریکہ بے مقصد و بے معنی جنگیں لڑ رہا ہے اور مسلمان ممالک میں دخل اندازی کر رہا ہے۔

پمفلٹ میں افغان شہریوں کو اس بات پر راغب کیا گیا ہے کہ وہ طالبان کے ساتھ مل کر ملک کی خدمت کریں۔

چھ صفحات پر مشتمل اس پمفلٹ میں امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد سمیت اتحاد اور جہاد کی بھی تلقین کی گئی۔

جبکہ افغان طالبان امیر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امریکہ یا افغان حکومت کے ساتھ کوئی بھی مذاکرات نہ کرے۔

پمفلٹ کے آخر میں ملا محمد عمر مجاہد کا نام تحریر ہے۔

نمائندہ ڈان ڈاٹ کام کے مطابق مذکورہ پمفلٹس پشاورمیں واقع افغان کیمپس، کچہ گڑھی کیمپ اور نوشہرہ کے افغان کیمپوں کے ساتھ ساتھ چارسدہ اور دیگر قبائلی علاقوں میں واقع افغان کیمپوں میں تقسیم کیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ پشاور اور پاکستان کے قبائلی علاقوں میں آج سعودی عرب اور خلیجی ممالک کی طرح عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے۔