Dawn News Television

اپ ڈیٹ 10 اکتوبر 2014 07:00pm

'انقلاب کا اگلا مرحلہ فیصل آباد سے شروع ہو گا'

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کارکنوں کو اسلام آباد کے ڈی چوک کے اطراف سے خیمے ہٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے گھر واپسی اجازت دے دی ہے۔

ڈان نیوزکے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ انقلاب کا اگلا مرحلہ فیصل آباد سے شروع ہو گا کارکن اپنے گھروں کو واپس جا کر 12 اکتوبر کے جلسے کی تیاریاں شروع کردیں۔

ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں جلسوں کا مقصد انقلاب کی راہ ہموار کرنا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی یہ اطلاعات گردش کر رہی تھیں کہ پاکستان عوامی تحریک نے اپنے کارکنوں کو عید الا ضحیٰ پر گھروں کو جانے کی اجازت دے دی ہے۔


مزید پڑھیں: دھرنے والوں کو خوشخبری، عیدِ قرباں اپنے گھر منا سکیں گے


رابطہ کرنے پر عوامی تحریک کے ترجمان عمر ریاض عباسی نے ڈان کو بتایا تھا کہ پارٹی قیادت نے عید کے موقع پر شرکاء کو گھر جانے کی جازت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہم عوام میں ان کے بنیادی حقوق کے حوالے سے آگہی پیدا کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں اور ان دھرنوں کے نتیجے میں آئندہ انتخابات کے نتائج بہت مختلف ہوں گے'۔

تاہم عوامی تحریک کے کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے عید شاہراہ دستور پر ہی منائی تھی۔

Read Comments