انگلش سپر ماڈل ملالہ کو ’ملیریا‘ کہہ بیٹھیں
انگلش سپر ماڈل ناؤمی کیمبل انجانے میں اس وقت ملیریا کے خلاف مہم چلا بیٹھیں جب وہ نوبیل انعام جیتنے والی کم عمر ترین پاکستانی ملالہ یوسف زئی کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں ’ملیریا‘ لکھ بیٹھیں۔
انگلینڈ کی مشہور و معروف ماڈل امن کا نوبیل انعام جیتنے پر ملالہ یوسفزئی کو مبارکباد دینا چاہتی تھیں لیکن غلطی سے ملالہ کی جگہ ’ملیریا‘ لکھ بیٹھیں۔
کیمبل نے یہ پیغام آج انسٹا گرام پر لکھا تھا لیکن یہ اس کے ساتھ ساتھ خود بخود ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی شیئر ہو گیا۔
سوشل میڈیا پر لوگوں نے فوری طور پر اس غلطی کو محسوس کر لیا جہاں کیمبل کی ٹوئٹ کے بعد برطانیہ میں ’ملیریا‘ ٹرینڈ بن گیا۔
اس دوران وہ اپنے پیغام میں نوبیل کی بھی غلط اسپیلنگ لکھ بیٹھیں۔
اس ٹوئٹ کے کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود ابھی تک کیمبل نے اپنی غلطی درست نہیں کی جس کی وجہ سے ٹوئٹ پر ان کی اس پیغام سے متعلق پرمزہ ٹوئٹ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔