Dawn News Television

اپ ڈیٹ 13 اکتوبر 2014 04:22pm

سرنگ کے ذریعے سینٹرل جیل توڑنے کا منصوبہ ناکام

کراچی: سندھ رینجرز نے کراچی کی سینٹرل جیل پر سرنگ کے ذریعے حملے اور قیدیوں کو چھڑانے کا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی کی سینٹرل جیل کے قریب غوثیہ کالونی کے ایک مکان میں سرنگ کھودی جا رہی تھی، جسے رینجرز نے بروقت کارروائی کر کے پکڑ لیا۔

رینجرز کے ترجمان کرنل طاہر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کالعدم تحریک طالبان کے دہشت گردوں نے سینٹرل جیل کراچی کے قریب ایک مکان میں موجود سرنگ کے ذریعے جیل میں قید اتنہائی خطرناک دہشت گردوں کی بیرک تک پہنچ کر انھیں چھڑوانے کا منصوبہ تیار کیا تھا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل رینجرز نے سینٹرل جیل کے قریب غوثیہ کالونی میں ایک کارروائی کے دوران چند ملزمان کو گرفتار کیا تھا ، جن کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا تھا۔

کارروائی کے دوران مذکورہ مکان کی ٹینکی کے اندرسے ایک سرنگ کا بھی انکشاف ہوا تھا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان نے بتایا کہ چھاپے کے وقت سرنگ کی لمبائی مطلوبہ ہدف سے محض دس میٹر کی دوری پر تھی۔

تاہم انٹیلی جنس اداروں کی بروقت اطلاع کی بدولت رینجرز نے کارروائی کر کے اس منصوبے کو ناکام بنا دیا۔

کرنل طاہر نے عوام سےاپیل کی کہ اگر جرائم پیشہ افراد کے بارے میں کسی کو علم ہو تو فوری طور پر رینجرز کی ہیلپ لائن 1101 پر اطلاع دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اطلاع دینے والوں کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

Read Comments