ملالہ کا نام دنیا کے بااثر نوجوانوں کی فہرست میں شامل
لاس اینجلس: امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی پاکستانی نوجوان ملالہ یوسف زئی کا نام مشہور امریکی جریدے ٹائمز میگزین کی جانب سے مرتب کی گئی دنیا کے بااثر ترین نوجوانوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
امریکی ٹائم میگزین نے 2014 کے 25 بااثر نوجوانوں کی فہرست جاری کی، جس میں ملالہ یوسف زئی کا نام اول نمبر پر ہے۔
سروے کے مطابق پاکستان کی گل مکئی کو 54 فیصد عوام نے دنیا بھر کے نوجوانوں میں سب سے بااثر شخصیت ٹھہرایا ہے۔
ملالہ یوسف زئی نے تعلیم کے حق میں آواز بلند کی اور اب دنیا بھر کے بچوں کو تعلیم دلانے کا عزم لیے وہ نہایت ہمت و بہادری کے ساتھ اپنی جدوجہد کو آگے لے کر بڑھ رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: ملالہ اور کیلاش ستیارتھی نے امن کا نوبیل انعام جیت لیا
لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے سرگرم سترہ سالہ پاکستانی نوجوان ملالہ یوسفزئی، امریکی صدر کی بڑی بیٹی سولہ سالہ مالیا اور تیرہ سالہ ساشا اور گریمی ایوارڈ جیتنے والی نیوزی لینڈ کی سترہ سالہ گلوکار لارڈ، ٹائمز میگزین کی جانب سے مرتب کی گئی بااثر نوجوان خواتین کی فہرست میں شامل ہیں۔
| |
ٹائم میگزین کے مطابق 25 نوجوانوں کی فہرست سماجی ویب سائٹس پراُن کی مقبولیت، کاروباری ترقییوں اور ثقافتی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے مرتب کی گئی۔
ان میں سب سے کم عمر تیرہ سالہ ساشا اوباما اور مون ڈیوس ہیں۔
بیس بال کے کھلاڑی مون ڈیوس نے اپنی فلاڈلفیا کی بیس بال ٹیم کو لٹل لیگ ورلڈ سیریز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
فہرست میں شامل اٹھارہ سالہ ٹاوی جیونسن ایک فیشن رائٹر اور مشہور آن لائن میگزین 'روکی' کے بانی ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ مخنثوں کے حقوق کے لیے سرگرم 14 سالہ جاز جیننگز اور ہانگ کانگ کی جمہوریت کی حامی 18 جوشوا وونگ بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
ایتھلیٹس، اداکاری اور گلوگاری کی کیٹگریز زیادہ نمایاں رہیں۔