دنیا

طالبان کے حملے میں 6 افغان پولیس اہلکار ہلاک

طالبان نے صوبہ لوگر کے ضلع براکی بارک میں ایک چوکی پر حملہ کرکے پولیس اہلکاروں کو ہلاک کیا۔

کابل: افغانستان کے صوبے لوگر میں طالبان نے تازہ حملوں میں چھ افغان پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔

لوگر کے ضلعی چیف محمد رحیم امین نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ دارالحکومت کابل کے جنوب میں واقع صوبے لوگر کے ضلع براکی بارک میں طالبان نے پولیس چوکی پر حملہ کرکے چھ پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔

صوبائی حکومت کے ترجمان دین محمد درویش نے بھی واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے آخری وقت تک مقابلہ کیا لیکن طالبان نے غالب آکر انہیں ہلاک کردیا۔

دوسری جانب طالبان نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

افغان وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق 'پولیس کے پاس مناسب ہتھیار نہیں ہیں، دشمن پولیس چوکیوں پر بھاری اسلحے کے ساتھ حملہ کرتے ہیں ، جبکہ پولیس اپنا دفاع اے کے 47 سے کرتی ہے'۔

نیٹو افواج کی جانب سے سیکیورٹی کی تمام تر ذمہ داریاں مقامی پولیس کے حوالے کرنے کے بعد سے گزشہ دو برسوں کے دوران افغانستان میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

نئے افغان صدر اشرف غنی نے گزشتہ ماہ امریکا کے ساتھ ایک اہم سیکیورٹی معاہدے پر دستخط بھی کیے ہیں، جس کے تحت تقریباً تیرہ ہزار غیر ملکی فوجی دستے افغانستان میں دو ہزار تیرہ تک موجود رہیں گے۔

رواں سال کے اختتام پر امریکی اور اتحادی افواج کے افغانستان سے انخلاء کے بعد تقریباً 12 ہزار غیر ملکی فوجی افغان سرزمین پر قیام کریں گے جن میں 9 ہزار 800 امریکی جبکہ بقیہ نیٹو افواج کے اہلکار ہوں گے۔