لائف اسٹائل

'ایمیزون گوگل کا سب سے بڑا حریف'

گوگل سرچ انجن کا مقابلہ بنگ اور یاہو کے بجائے ایمیزون کے ایک سرچ انجن سے ہے، ایرک شمٹ۔

برلن: گوگل کے سربراہ ایرک شمٹ نے کہا ہے کہ بطور سرچ انجن ان کی کمپنی کا مقابلہ روائتی حریفوں کے بجائے ای کامرس کے دیوتا ایمیزون کے ایک سرچ انجن سے ہے۔

شمٹ نے ان الزامات کو بھی رد کیا جن کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن ہونے کے ناطے گوگل کو کوئی بھی مارکیٹ میں چیلنج نہیں کر سکتا۔

شمٹ نے ان الزامات کے جواب میں کہا کہ ٹیکنالوجی سیکٹر کئی محاذوں پر گوگل کو نشانہ بنا رہا ہے۔

'بہت سے لوگ سوچتے ہیں کہ ہمارے اہم سرچ انجن حریف بنگ یا یاہو ہیں لیکن در حقیقت ہمارا سب سے بڑا مقابلہ ایمیزون ہے'۔

شمٹ کے مطابق، لوگ ایمزون کو سرچ انجن کے طور پر نہیں سمجھتے لیکن 'اگر آپ کچھ خریدنا چاہتے ہیں تو غالب امکان ہے کہ آپ اسے ایمیزون پر تلاش کریں گے'۔

انہوں نے کہا کہ ایمیزون کا بنیادی مقصد ای کامرس تھا لیکن وہ بھی ہماری طرح صارفین کے 'سوالات کے جوابات' بہت اچھے طریقے سے دے رہے ہیں۔

شمٹ نے بتایا کہ اپ سٹارٹس اور انوویٹرز گوگل کی اوور سائز مارکیٹ پوزیشن کیلئے مسلسل خطرہ ہیں۔

' کہیں نہ کہیں، کوئی نہ کوئی کسی گیراج میں ہمیں نشانہ بنانے کی سوچ رہا ہوتا ہے۔میں یہ بات اس لئے جانتا ہوں کہ کچھ عرصہ پہلے ہم نے بھی گیراج سے شروعات کیں'۔

'تبدیلی وہاں سے آتی ہے جہاں سے آپ کو امید بھی نہیں ہوتی۔ اگلا گوگل وہی کام نہیں کرے گا جو موجودہ گوگل کر رہا ہے۔ بالکل اسی طرح جس طرح موجودہ گوگل نے وہی کام نہیں کیا جو اس سے پہلے اے او ایل کر رہا تھا'۔

شمٹ کے مطابق گوگل پر مناپلی کا الزام لگانے والے اس شعبہ کو سمجھتے نہیں'۔

'حقیقت یہی ہے کہ گوگل گیٹ کیپر کہلانے والی دوسری کمپنوں سے مختلف کام کرتا ہے'۔