پاکستان

نیٹو کے ہیلی کاپٹروں کی پاکستانی سرحد کی خلاف ورزی

یہ ہیلی کاپٹرز تقریباً دس منٹ تک پاکستانی علاقے میں موجود رہے اور کسی کارروائی کے بغیر واپس افغانستان کی طرف چلے گئے۔
|

پشاور: افغانستان میں موجود اتحادی افواج کے گن شپ ہیلی کاپٹروں نے بدھ کی صبح پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی علاقے میں پروازیں کی ہیں۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ کم ازکم پانچ نیٹو ہیلی کاپٹرز پاک افغان سرحد پر پرواز کرتے ہوئے دیکھے گئے، جبکہ ان میں سے دو نے پاکستانی سرحد کے ساتھ طورخم کے علاقے پر پرواز کی۔

ذرائع کے مطابق یہ ہیلی کاپٹرز تقریباً دس منٹ تک پاکستانی علاقے میں موجود رہے اور کسی قسم کی کارروائی کے بغیر واپس افغانستان کی طرف چلے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دس منٹ تک پرواز کے بعد یہ طیارے پاک افغان سرحد پر واقع شمشاد کے پہاڑوں کی طرف چلے گئے۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل نیٹو نے ان پہاڑوں پر ایک وسیع فضائی کارروائی کی تھی جس میں متعدد افغان طالبان ہلاک ہوگئے تھے۔

نیٹو کی جانب سے اس سرحدی خلاف ورزی پر پاکستانی حکومت کا تاحال کوئی ردّعمل سامنے نہیں آیا ہے اور نہ ہی نیٹو نے کوئی بیان جاری کیا ہے۔