ضربِ عضب: فضائی کارروائی میں 21 'دہشت گرد' ہلاک
خیبر ایجنسی: وفاق کے زیرِانتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کی خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی کے نتیجے میں 21 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
نمائندہ ڈان ڈاٹ کام نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ آپریشن ضربِ عضب کے دوران جمعرات کو پاک افواج کے جیٹ طیاروں نے وادیٔ تیراہ کے علاقوں آکا خیل اور سیپاہ میں فضائی کارروائی کی ۔
جس کے نتیجے میں 21 مبینہ دہشت گرد ہلاک اور دہشت گردوں کے 5 مبینہ ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بھی جمعرات کو ہونے والی فضائی کارروائی کے نتیجے میں 21 دہشت گردوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے باڑہ کے علاقے کی طرف آنے والے تمام راستوں کو بھی سیل کردیا ہے اور اس بات کا امکان ہے کہ یہاں سرچ آپریشن کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں سیکیورٹی فورسز نے جمرود کے علاقے شاہ کس کے علاقے میں بھی سرچ آپریشن شروع کر رکھا ہے۔
| |
یاد رہے کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان میں 15 جون کو آپریشن ضربِ عضب کا آغاز کیا گیا تھا اور علاقے میں آزاد میڈیا کی رسائی نہ ہونے کی وجہ سے تمام تر تفصیلات آئی ایس پی آر کی جانب فراہم کی جاتی ہیں۔
تاہم فوج کی جانب سے آپریشن کے آغاز کے بعد ایک مرتبہ ملکی اور غیرملکی میڈیا کو تحصیل میرعلی کا دورہ کروایا گیا تھا۔
شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کو دہشت گردوں سے خالی کروانے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کا دائرہ کار شمالی وزیرستان کے دوردراز علاقوں تک بڑھا دیا ہے۔