کھیل

آسٹریلیا کو پاکستان اے کے ہاتھوں شکست

پاکستان اے ٹیم نے شارجہ میں ہونے والے چار روزہ میچ میں آسٹریلیا کو 153 رنز سے ہرا دیا۔

شارجہ: پاکستان اے ٹیم نے شارجہ میں ہونے والے چار روزہ میچ میں آسٹریلیا کو 153 رنز سے ہرا کر مہمان ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے چار روزہ میچ کے آخری دن پاکستان اے کے باؤلرز نے اپنی شاندار کارکردگی سے مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔

اس سے قبل پاکستان اے کے کپتان نے گزشتہ روز کے اسکور 306 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر ہی اننگ ڈکلیئر کردی اور آسٹریلیا کو میچ میں جیت کے لیے 338 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان اے ٹیم کی طرف سے دوسری اننگ میں بابر اعظم اور حارث سہیل نے شاندار ناقابل شکست سنچریاں اسکور کیں۔

جواب میں آسٹریلین ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی اور پوری ٹیم صرف 185 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے اوپنر فل ہیوز 65، مچل مارش 35 اور پیٹر سڈل 41 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد طلحہ اور رضا حسن نے تین تین جبکہ راحت علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا 22 اکتوبر سے کھیلا جائے گا۔