Dawn News Television

شائع 27 اکتوبر 2014 11:29am

خیبر ایجنسی: سرکاری اسکول دھماکے سے تباہ

پشاور: پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ کے علاقے اکا خیل میں شدت پسندوں نے ایک سرکاری اسکول کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا، تاہم اس واقعہ میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق نامعلوم شدت پسندوں نے اسکول کے باہر بارودی مواد نصب کر رکھا تھا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔

دھماکے سے گورنمنٹ پرائمری اسکول سلطان خیل کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

اسی دوران خیبر ایجنسی کی ایک اور تحصیل جمرود میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے چار مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

خیال رہے کہ خیبر ایجنسی میں اس سے قبل بھی اس قسم کے واقعات ہوتے رہے ہیں، جہاں ان دنوں پاک فوج شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کررہی ہے۔

آپریشن خیبر ون کے دوران اب تک متعدد شدت پسند ہلاک ہوچکے ہیں۔

Read Comments