پاکستان

باڑہ ایجنسی میں جھڑپ، پانچ شدت پسند ہلاک

اکاخیل میں ہفتے کو رات گئے سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ، کم از کم پانچ شدت پسند ہلاک اور چھ زخمی ہوئے۔

پشاور: باڑہ ایجنسی کے علاقے اکاخیل میں ہفتے کو رات گئے سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ میں کم از کم پانچ شدت پسند ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے۔

جھڑپ میں ایک سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوا لیکن ان اطلاعات کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں کیونکہ قبائلی ایجنسی تک صحافیوں کی رسائی نہیں۔

ایک اور واقعے میں اکاخیل میں نامعلوم سے فائر کیا جانے والا راکٹ گھر پر گرنے سے خاتون اور دو بچے ہلاک اور دو افراد زخمی ہو گئے۔

خیبر ون کے نام سے جاری آپریشن کے نتیجے میں شدت پسندوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، اس آپریشن کا مقصد منگل باغ گروپ کی زیر کنٹرول تیرہ اور باڑہ کے علاقوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانا ہے۔

یاد رہے کہ پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیر ستان ایجنسی میں تحریک طالبان پاکستان کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا تھا اور فوجی ذرائع کے مطابق اب تک 80 فیصد علاقے کو شدت پسندوں سے پاک کرایا جا چکا ہے۔